• news

اوکاڑہ: گدھا کاٹتے ہوئے قصاب رنگے ہاتھوں گرفتار‘ 220 کلو گوشت برآمد

اوکاڑہ، ننکانہ صاحب (نامہ نگاران) گدھا کاٹتے ہوئے قصاب رنگے ہاتھوں گرفتار‘ 220کلو گوشت برآمد کر لیا گیا۔ محکمہ لائیو سٹاک آفیسر ڈاکٹر ثاقب مجید کو اطلاع ملی تھی کہ اوکاڑہ بائی پاس کے قریب ایک قصاب گدھے کا گوشت فروخت کرنے کیلئے گدھے کو ذبح کر رہا ہے جس پرچھاپہ مار کرفیصل کالونی کے قصاب حسن جاوید گرفتار کر لیا اور220کلو سے زائد حرام گوشت اور اس کی باقیات کو قبضہ میں لیتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈاکٹر ثاقب مجید نے اپنی نگرانی میں گدھے کے گوشت کو تلف کروا دیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم عرصہ دراز سے گدھے کے گوشت کو مبینہ طور پر بڑے شہروں کے ہوٹلوں میں سپلائی کر رہا تھا۔ مزید برآں ننکانہ صاحب میں محکمہ لائیو سٹاک کے مضر صحت اور مُردار گوشت کیخلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے مخبری پر 10 من گوشت قبضے میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی خصوصی ٹیم کے انچارج شاہد محمود اور محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹر فیصل نے ٹیم کے ہمراہ چوکی وزیر پور کے قریب چھاپہ مار کر 4 ملزموں سے 10 من مضر صحت مُردار برآمد کرلیا جو ملزم ایک گاڑی میں لاہور لے جا رہے تھے جہاں سے وہ ہوٹلوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔ ملزموں کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے مذکورہ ملزم پہلے بھی کئی مرتبہ مردار گوشت سپلائی کرتے ہوئے پکڑے جاچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن