بیساکھی میلہ کی تقریبات آج شروع ہونگی، سکھ یاتریوں کی آمد جاری، وزیراعظم کی مبارکباد
لاہور/ شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) سکھ مذہب کے بیساکھی میلہ کی تقریبات آج سے شروع ہونگی جس میں بھارت سے تین ہزار سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ دنیا بھر کے دیگر ممالک سے بھی بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ گوردوارہ پنجہ صاحب اور دیگر مقامات پر وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے، یہاں بسنے والے تمام مذاہب آزاد اور انھیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ہمارا دین اسلام رواداری اور امن و محبت کا درس دیتا ہے۔ مسلمانوں اور سکھوں میں نہ ختم ہونے والا رشتہ موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں سکھ مذہب کے تہوار بیساکھی میلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ تقریب سے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق، سکھ جتھہ کے ڈپٹی لیڈر سردار گورویندر سنگھ، پردھان سردارتارا سنگھ جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ، سردار منموہن سنگھ خالصہ، رکن پنجاب اسمبلی سردار رمیش سنگھ اروڑا، رکن صوبائی اسمبلی محمد شاویز خان، پرتپال سنگھ، علامہ خورشید کمال، نذر محمد لودھی آف یو کے سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ رکن قومی اسمبلی رمیش لعل اور ہندو رہنما ڈاکٹر منورچاند سمیت دیگر اقلیتی اور سیاسی رہنماﺅں اور انتظامی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پاکستان میں بسنے والے تمام غیر مسلم بھی پاکستانی ہیں اور ہم ان کی خوشیوں اور غموں میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں اور اس وجہ سے بھارت سے آنے والے ہندو اور سکھ یاتریوں کو سکیورٹی سمیت خصوصی عزت واحترام دیا جاتا ہے اور ان کے مذہبی مقامات بھی محفوظ ہیں مگر پاکستان سے جانے والے زائرین کے ساتھ بھارت کا حسن سلوک افسوس ناک ہے۔ صدیق الفاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری سکھ قوم کو وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی جانب سے بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی مبارک باد دیتا ہوں اور آپ لوگوں کی خدمت میرا اسلامی، اخلاقی، دینی و آئینی فرض ہے۔