سابق متحدہ رہنما سلیم شہزاد کی مزید 2 مقدمات میں گرفتاری ظاہر کر دی گئی
کراچی (صباح نیوز)ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کی دو مزید مقدمات میں گرفتاری ظاہر کر دی گئی ، سلیم شہزاد اب چار مقدمات میں گرفتار ایک میں ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے سلیم شہزاد کو عدالتی حکم کے باوجود طبی سہولیات فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جمعہ کو انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی ۔ سلیم شہزاد کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت کو سلیم شہزاد کے خلاف مزید دو مقدمات سے آگاہ کیا گیا ۔ ان کے خلاف یہ مقدمات ہنگامہ آرائی ، بلوہ کے ہیں جو لانڈھی تھانے میں درج ہیں ۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو مقدمات کا چالان پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا ملزم کی درخواست ضمانت پر مزید دلائل دئیے جائیں ۔ ملزم کو جیل میں طبی سہولیات فراہم نہ کرنے پر بھی درخواست دائر کردی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا عدالت نے تین اپریل کو ملزم سلیم شہزاد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا ۔ اس کے باوجود نہ تو جیل میں طبی سہولیات دی جا رہی ہیں نہ جیل سے باہر ، سپرنٹنڈنٹ جیل کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے سلیم شہزاد کو عدالتی حکم کے باوجود طبی سہولیات فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر چیف میڈیکل آفیسر اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ عدالت نے سماعت 21 اپریل تک ملتوی کردی۔