کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، ڈاکٹر جاں بحق، 88 جرائم پیشہ گرفتار
کراچی (آن لائن+ صباح نیوز) کراچی کے علاقے کھارادر میں ڈاکٹر کو گھر سے بلا کرقتل کر دیا گیا۔ دوسری طرف سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مختلف کارروائیوں میں عزیر بلوچ گینگ کے کارندے، افغان ڈکیٹ گینگ کے 3 ڈاکوﺅں سمیت 83 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کھڈا مارکیٹ کھارادر کے رہائشی ڈاکٹر ذوالفقار علی کو گزشتہ روز 2 نامعلوم افراد نے کلینک سے گھر واپس آتے ہوئے گولیاں مار دیں۔ انکا کلینک مارکیٹ کے قریب تھا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈکیتی ہے یا ذاتی دشمنی اس بارے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 44افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا۔ گزری اور اسٹیل ٹاون میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ آپریشن کے دوران40 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ملزموں سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرلی گئیں۔ لیاری کے علاقے سنگولین میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم شہزاد عرف بابل کو گرفتار کر کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے۔ملزم کا تعلق گینگ وار ملزم عزیر بلوچ گروپ سے ہے اور وہ لیاری پولیس کو قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری کے مقدمات میں مطلوب تھا۔اورنگی ٹاون مومن آباد میں پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کرنے والے افغان ڈکیت گینگ کے 3 ملزموں وکیل، محمد خان اور داود عرف تریال کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ اسی طرح رینجرز نے نشتر روڈ کی دکان پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان رینجرز نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن کے لئے سہولت کاری کرنیوالوں نے اسلحہ چھپایا تھا، اسلحہ میں چھیالیس ہتھیار اور دو ہزار سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں۔