گوجرانوالہ: وارڈ بوائے سے ہاتھا پائی پر وکلا کی ایم ایس کے کمرہ میں توڑ پھوڑ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ میں وارڈ بوائے اور وکیل میں ہاتھا پائی ہو گئی، مشتعل وکلاءنے ایم ایس کے کمرہ میں توڑ پھوڑ کی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا۔ حاذق امجد ایڈووکیٹ اپنے کسی عزیز کی تیمارداری کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال آیا جہاں وارڈ میں داخل ہونے سے روکنے پر اس کی وارڈ بوائے طارق سے تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوگئی وکیل کی کال پر دوسرے وکلاءبھی موقع پر پہنچ گئے، مشتعل وکلاءگروپ کی صورت میں ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر انور امان کے کمرہ میں پہنچے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی، ایم ایس نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو کنٹرول میں کر لیا، پولیس کو بیان دیتے ہوئے متاثرہ وکیل حاذق امجد نے الزام عائد کیا ہے کہ ہسپتال کے وارڈ بوائے نے بدتمیزی کرنے کے بعد اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں دونوں گروپوں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ کے اندراج کےلئے تھانہ سول لائن میں درخواستیں جمع کروا دی گئی ہیں۔