ساہیوال، سیالکوٹ میں انفراسٹراکچر کی بہتری کیلئے پنجاب حکومت، ایشین بنک میں اشتراک
لاہور(نیوزرپورٹر)حکومت پنجاب اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک پنجاب کے شہروں ساہیوال اور سیالکوٹ میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے ایک نئے منصوبے پر کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں دونوں شہروں میں شہری سہولیات جیسے کہ صاف پانی کی فراہمی، سیوریج کے نظام کی بحالی، صفائی کی سہولیات، پارکوں ، گلیوں اور بس ٹرمینلز پر تمام سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے کام کیا جائے گا۔ اس سے قبل مارچ میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ان کے دفتر میں ملاقات بھی کی۔ وزیر اعلیٰ نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد سے اس انتہائی اہمیت کے حامل منصوبہ کو فی الفور عمل میں لانے کی درخواست بھی کی۔اسی پراجیکٹ کے دوسرے مرحلہ میں تین شہروں بہاولپور، سرگودھا اور رحیم یار خان کو بھی شامل کر لیا جائے گا۔ اور دوسرے مرحلے کی منظوری کا کام 2018تک ہو جائے گا۔اس پراجیکٹ کو 250ملین ڈالر کی کل رقم سے مکمل کیا جائے گا۔