• news

ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے باہر جانے کی اجازت

کراچی (نوائے وقت رپورٹ ایجنسیاں) ڈاکٹر عاصم حسین کو بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلقق تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وکیل نے ڈاکٹر عاصم کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا۔ مدعی مقدمہ رینجرز کے وکیل ساجد محبوب نے تحفظات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عاصم سے عدالت نے پوچھا کہ واپس آنے کی کیا گارنٹی ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو 20 لاکھ روپے ضمانت اور 2 ہفتے میں واپسی کا حکم دیا۔ ڈاکٹر عاصم واپس نہ آئے تو ضیاء الدین ہسپتال کو تحویل میں لیا جائے۔ دو ہفتے کا وقت ملزم کے پاکستان سے روانہ ہونے سے شروع ہو گا۔ قبل ازیں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں دہشتگردوں کو علاج کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت میں ملزم ڈاکٹر عاصم، انیس قائم خانی اور سلیم شہزاد سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے 20لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے جبکہ پاسپورٹ کی واپسی کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکمنامہ …… معطل کر دیا۔ ڈاکٹر عاصم کو دوہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کیخلاف 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس سے متعلق سماعت بغیر کسی کارروائی کے جج کی عدم موجودگی کے باعث 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ میں سیاست میں نہیں ہوں اور سیاست میں رہنا بھی نہیں چاہتا، سیاست چھوڑ رہا ہوں۔ ایک ڈاکٹر عاصم ہی ہے جو عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ آنا مشکل ہے۔ ہم پاکستانی ہیں اور عدالتوں سے انصاف لیں گے۔ …… پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم باہر گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔ ڈاکٹر عاصم نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ وطن واپس ضرور آئیں گے، نہ آئیں تو ضیاء الدین ہسپتال کو سرکاری تحویل میں لے لیا جائے۔ڈاکٹر عاصم نے سندھ ہائیکورٹ میں پاسپورٹ کی واپسی کے لئے نظرثانی درخواست بھی دائر کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن