• news

حکومت نے چیئر مین رضا ربانی کو منا لیا سینٹ کا اجلاس کل طلب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت نے ناراض چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو منا لیا۔ چیئرمین سینٹ پیر کو ایوان کا اجلاس طلب کریں گے اور چیئرمین سینٹ کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ میاں رضا ربانی کے ناراضگی ختم ہونے کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قائد ایوان راجہ ظفر الحق کے ہمراہ چیئرمین سینٹ سے انکی رہائشگاہ پر اپنی تیسری ملاقات کے بعد کیا۔ واضح رہے کہ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی جمعہ کو ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی پر برہم ہوئے تھے اور چیئرمین سینٹ کے منصب سے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے سینٹ کا اجلاس بھی ملتوی کیا اور دورہ ایران پر جانے سے بھی انکار کردیا تھا۔ چیئرمین سینٹ کی ناراضگی پر حکومت نے ان کو منانے کی کوشش کا آغاز کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے اس سے قبل دو بار چیئرمین سینٹ سے ملاقاتیں کی تھیں تاہم رضا ربانی کو رضامند نہیں کرسکے تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی ان سے ٹیلیفون پر بات کی تھی اور سپیکر قومی اسمبلی نے کہا تھا کہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ نوبت میاں رضا ربانی کے استعفیٰ تک نہ جائے اور وہ پیر لاہور سے سیدھے رضا ربانی کے گھر جائیں گے۔ اسحاق ڈار نے ہفتہ کی شام کو رضا ربانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان اور پی پی پی کے سینیٹر عثمان کائرہ اور اعظم موسیٰ خیل بھی موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے چیئرمین سینٹ کو وزیراعظم کی طرف سے یقین دہانی کرائی کہ وزراء سینٹ کے اجلاس میں موجود رہا کریں گے اور اس سلسلے میں وزیراعظم نے بھی ہدایت کر دی ہے اور وہ اس بات کی نگرانی بھی کریں گے۔ چیئرمین سینٹ نے حکومت کی طرف سے ایوان کو اہمیت دینے اور وزیراعظم کی طرف سے وزراء کے ایوان میں آنے کی یقین دہانی کو تسلیم کرکے پیر کو ایوان کا اجلاس بلانے پر آمادگی ظاہر کر دی۔ میاں رضا ربانی چیئرمین کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے سینٹ میں وزراء کی حاضری کی یقین دہانی کروانے کے بعد چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ناراضگی ختم کر دی اور وزیراعظم کے پیغام پر اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔ سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سینٹ کا اجلاس کل (پیر کو) شام 4 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس چیئرمین نے طلب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن