• news

کلبھوشن معاملے پر نیا ڈوز ئیر تیار :بھارت نے کل ہو نیوالے کوسٹ گارڈ زمیری سکیورٹی مذاکرات منسوخ کردئیے

اسلام آباد (آن لائن + صباح نیوز) پاکستان نے ملک میں بھارتی مداخلت‘ کلبھوشن کی جاسوسی کے شواہد اور پھانسی سے متعلق کورٹ مارشل جنرل کے فیصلے کی مصدقہ کاپی پر مشتمل ڈوزیئر تیار کرلیا ہے۔ ڈوزیئر پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں کے حوالے کیا جائے گا جبکہ اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کو بھیجا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے تیار کئے جانے والے ڈوزیئر میں ملک کے اندر بھارتی مداخلت کے مزید شواہد اور کلبھوشن یادیو کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے تمام تر شواہد اور انکے ٹائم لائن سمیت کلبھوشن کی معاونت سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات شامل ہیں۔ ڈوزیئر میں کلبھوشن یادیو کے خلاف پوری عدالتی کارروائی کی تفصیلات اور اسے پھانسی دینے سے متعلق کورٹ مارشل جنرل کے فیصلے کی مصدقہ کاپی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ ڈوزیئر ایک ثبوت کی حیثیت سے پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں کو دیا جائے گا جبکہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو بھی بھیجا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر رائے عامہ کو پاکستان کے حق میں ہموار اور بھارتی چالبازیوں کو غیر موثر بنا کر ملک دشمن کلبھوشن یادیو کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ دوسری جانب بھارت ’’جاسوس کلبھوشن یادیو‘‘ کو بچانے کے لئے اوچھی حرکتوں پر اتر آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے پاکستان کے ساتھ سکیورٹی مذاکرات منسوخ کر دئیے ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں پیر سے کوسٹ گارڈ میری ٹائم سکیورٹی کے درمیان مذاکرات شروع ہونا تھے۔ بھارتی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا کے بعد یہ پاکستان کے ساتھ سکیورٹی معاملات پر بات چیت کرنے کا موقع نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن