اقوام متحدہ، امریکہ کشمیر اور دیگر تنازعات حل کرنے کیلئے کردار کے خواہاں ہیں:دفترخارجہ
اسلام آباد (اے پی پی) بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت مذموم کارروائیوں میں ملوث ہونیکے معاملے پر مکمل بے نقاب ہوگیا ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ کو اپنے بیان میں کہا ہے کلبھوشن یادیو را کا ایجنٹ تھا۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت دہشت گردی کے معاملے پر ایک طویل عرصے سے واویلا کررہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے بھارت کا انٹیلی جنس ادارہ دہشت گردی میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کلبھوشن یادیو بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر تھا اس ایجنٹ کو عدالتی عمل مکمل ہونے کے بعد سزائے موت سنائی گئی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا اقوام متحدہ اور امریکہ نے دونوں ممالک کے درمیان جموںوکشمیر سمیت تنازعات کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا بھارتی فوج معصوم بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے‘ کشمیریوں کے ساتھ کھیلی جانے والی خون کی ہولی بند کی جائے‘ اقوام متحد کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے‘ مسئلہ کشمیر سے متعلق ہماری کاوشوں کے نتائج ضرور نکلیں گے۔ انہوں نے کہا او آئی سی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔