• news

غلط رپورٹنگ اور دہشت گردی کے مقدمہ میں حافظ حسنین رضا کی درخواست منظور

ساہیوال (نامہ نگار) سپیشل جج انسداد دہشت گردی ساہیوال ملک شبیر حسین اعوان نے روزنامہ نوائے وقت اوکاڑہ کے گرفتار نامہ نگار حافظ حسنین کی غلط رپورٹنگ اور دہشت گرد ی کے مقدمہ میں درخواست ضمانت منظور کر لی۔ ملزم کو ایک، ایک لاکھ روپے کے دو ضمانت نامے داخل کرانے پر رہائی کا حکم دے دیا۔ 12دسمبر 2015ء کو تھانہ اے ڈویژن اوکاڑہ کی خبر کے بارے میں ایک ایف آئی آر 16دسمبر کو درج کی جس میں صحافی حافظ حسنین کے خلاف ایک خبر لگانے پر غلط رپورٹنگ کے سبب اشتعال پھیلانے کے الزام میں 16ایم پی او ا ور 7انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے صحافی کو گرفتار کر لیا تھا جس پر عدالت نے گزشتہ روز صحافی کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے صدر اوکاڑہ کے دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں گرفتار انجمن مزارعین کے صدر مہر عبدالستار کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی اور ملزم کو دو، دو لاکھ روپے کے دو ضمانت نامے داخل کرانے پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔ پولیس نے انجمن مزارعین کے صدر کے خلاف جنوری 2016ء میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن