• news

دورہ فیصل آباد: عابد شیر شہبازشریف کے دائیں، رانا ثنا بائیں ہاتھ رہے

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے فیصل آباد میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کے ساتھ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی کو بھی تمام منصوبوں کے دوران اپنے ساتھ رکھا اور عرصہ کے بعد صوبائی وزیرقانون کے ساتھ عابد شیرعلی کو بھی پورے دورے کے دوران اہمیت دیتے رہے۔ جہاں جہاں وزیراعلیٰ گئے وہاں عابد شیرعلی دائیں اور رانا ثناء اللہ خاں بائیں ہاتھ رہے۔ واضح رہے اس سے قبل ہمیشہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی فیصل آباد آمد کے موقع پر عابد شیرعلی کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی رہی جو رانا ثناء اللہ خاں کو دی جاتی۔ جب وزیراعلیٰ عبداللہ پور فلائی اوور کے افتتاح کیلئے آئے تو انتظامیہ کے بعض اہلکاروں کی طرف سے عابد شیرعلی کو اس بس میں سوار نہیں ہونے دیا گیا تھا جس میں وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں اور وزیراعلیٰ سوار تھے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ بلدیاتی الیکشن کے دوران فیصل آباد میں صوبائی وزیر قانون اور قومی اسمبلی کے سابق رکن و سابق میئر چوہدری شیر علی کے میئر کے امیدواروں کے مدمقابل ہونے کے باعث شدید کشیدگی رہی اور دونوں کی طرف سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کئے گئے تھے۔ اس دوران عابد شیرعلی کے والد اور مسلم لیگ سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن چوہدری شیرعلی کی طرف سے رانا ثناء اللہ خاں پر 22قتلوں کے سنگین الزامات بھی عائد کئے گئے جس کے بعد مسلم لیگ(ن) فیصل آباد شدید طور پر انتشار کا شکار رہی اور اسی طرح ضلعی سیاست میں چیئرمین ضلع کونسل کے انتخاب کے موقع پر بھی مسلم لیگی ارکان قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کی طرف سے رانا ثناء اللہ خاں کے خلاف شدید ترین الزامات لگائے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق درجہ حرارت کم کرنے کیلئے شہبازشریف نے پہلی مرتبہ اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران عابد شیرعلی کو رانا ثناء اللہ خاں سے زیادہ پروٹوکول دیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن