حکومت آئینی اداروں کو کمزور کر رہی ہے: افتخار چودھری
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پانامہ کا موضوع اس ملک میں کرپشن، بدعنوانی کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کا اہم موقع ہے اور یہ مسئلہ پاکستان کی کسی سیاسی پارٹی یا حکومت مخالف لوگوں کی طرف سے منظر عام پر نہیں آیا بلکہ اس ملک کی بہتری کے لئے حکومت وقت میں اقتدار اعلیٰ پر جو لوگ براجمان ہیں جس میں نواز شریف اور ان کے خاندان کے تمام کالے کرتوتوں کے راز افشاں کئے ہیں جس کی بناء پر وہ ملک سے دولت لوٹ لوٹ کر اپنے لئے اور اپنے بچوں کو شاد و آباد کرنے کے لئے ممالک غیر میں سرمایہ کاری کرتے رہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چودھری نے لاہور میں منعقد ہونے والے پاکستان جسٹس اینڈڈیموکریٹک پارٹی کے صوبہ پنجاب کے نمائندہ اجلاس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی اور انتظامی امور تفصیل سے زیر بحث لائے گئے۔ افتخار چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت آئینی اداروں کو کمزور کر رہی ہے جس کی ایک مثال سینٹ کے اجلاس میں دیکھنے میں آئی کہ رضا ربانی جیسی شخصیت حکومت کے رویئے سے تنگ آکر اپنا کام روکنے پر مجبور ہو گئی۔ کلبھوشن یادیو ایک ملک دشمن شخص ثابت ہوا ہے جس کو مروجہ قوانین کے ذریعے ٹھیک سزا دی گئی ہے۔ پارٹی کے تنظیمی امور اور آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے حوالے سے میاں عاشق حسین پنجاب کے صدر اور بدراسلام وڑائچ جنرل سیکرٹری کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں وہ کرنل ایاز جو کہ چیئرمین الیکشن کمیشن مقرر ہوئے ہیں انکے ساتھ اس ماہ کی 22/23 تاریخ کو ملاقات کریں گے اور تمام معاملات سرانجام دیں گے تاکہ پی جے ڈی پی آئندہ عام انتخابات میں لائحہ عمل طے کر سکے اور بھرپور حصہ لے سکے۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئر عہدیداران احسن ندیم فوکل پرسن، چوہدری ارشد ممبر مرکزی کمیٹی، میاں عاشق حسین صدر پنجاب، بدرالسلام وڑائچ سیکرٹری جنرل پنجاب،مدثر چوہدری سیکرٹری جنرل، رحمن ناصر رانا، عنبرین رانا اور دیگر نے شرکت کی۔