بلوچستان نے بہت دکھ جھیلے‘ پیپلز پارٹی عوام کے بنیادی مسائل حل کریگی: زرداری
اسلام آباد (این این آئی) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے آغا ناصر کی قیادت میں بلوچستان کے پشین کے وفد نے زرداری ہائو س اسلام آباد میں ملاقات کی اور پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ملک امان اللہ، ملک قیوم، عبدالغفار، والک افغان، شیخ طیب مندوخیل، صداقت خان کاکڑ، جان محمد کاکڑ، نجیب خان، ڈاکٹر گوہر اعجاز شامل ہیں۔ وفد سے بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے ان عمائدین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی بلوچستان کے درد کو سمجھتی ہے۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر بلوچستان کے عوام کے بنیادی مسائل حل کریگی۔ بلوچستان نے بہت دکھ جھیلے ہیں۔ بلوچستان سے انصاف وقت کا تقاضا ہے۔ وفد نے صدر آصف علی زرداری کے آغاز حقوق بلوچستان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا پاک چین راہداری بھی آصف علی زرداری کا کارنامہ ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ وفاق کی بات کی اور وفاق کیلئے قربانیاں دی ہیں۔