2013ء سے کم لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، ووٹ کارکردگی پر ملیں گے: سپیکر ایاز صادق
لاہور (خبرنگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 2013ء کے مقابلے میں ملک میں لوڈشیڈنگ کم ہورہی ہے۔ عمران خان مجھ سے مقابلہ کریں پھر نوازشریف کے ساتھ مقابلے کی بات کریں۔ سیاست کرنا سب کا حق ہے مگر سب یاد رکھیں کہ ووٹ کارکردگی پر ملیں گے۔ وہ اپنے حلقہ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینٹ کو منانے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کرینگے کہ وزراء اور ممبران سینٹ میں حاضری کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم میرٹ پر یقین رکھتے ہیں۔ کارکنوں کو ذمہ داریاں بھی میرٹ پر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کررہے ہیں اور اگلے عام انتخابات میں عوام کے سامنے جب جائینگے تو سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف ہوں یا آصف زرداری سب کو سندھ اور پنجاب میں جلسے کرنے کا حق ہے اور کسی کو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی کے حلقہ میں یونین کونسل 120 میں تنظیمی عہدیداروں کو اسناد کی تقسیم کے موقع پر ورکرز اس وقت دست و گریباں ہوگئے جب ایاز صادق وہاں پہنچے۔ انہوں نے لڑنے والے ورکرز کو خامو شکروایا اور صلح بھی کرائی۔ سپیکر کی مداخلت سے پہلے ورکرز نے ایک دوسرے کی خوب دھنائی کی۔