سرگودھا :خودکشی یا قتل؟ مسیحی نوجوان کی جلی ہوئی نعش برآمد
سرگودھا (نامہ نگار+ این این آئی) سرگودھا کے نواحی علاقہ میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی موت معمہ بن گئی، عارف نامی نوجوان کی موت کے حوالہ سے متضاد افواہیں گردش کرنے لگی، پولیس ذرائع بھی حقائق تک رسائی میں ناکام ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقہ چک 90کے عارف کے حوالہ سے گزشتہ روز محبت میں ناکامی میں موت کو گلے لگانے کی اطلاعات سامنے آئیں، عارف نامی یہ شخص 4بچوں کا باپ تھا اور علاقہ کے اسلم گجر کے پاس کام کرتا تھا ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کا رخسانہ نامی خاتون کے ساتھ اس کا معاشقہ چل رہا تھاجو خود بھی 3بچوں کی ماں تھی، دونوں کے باہمی تعلقات کی خبریں عام تھیں اور گزشتہ دنوں اطلاع آئی کہ عارف نے محبت میں ناکامی پر خود کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی ، اس حوالہ سے علاقہ میں یہ افواہیں بھی گردش کررہی ہیں کہ کسی نے مٹی کا تیل چھڑک کر نذر آتش کیا، پولیس تھانہ صدر نے اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر کارروائی شروع کردی، اس حوالہ سے نوائے وقت نے کیس کے تفتیشی اے ایس آئی اللہ دتہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ عارف نامی شخص کے حوالہ سے پولیس حقائق تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے اور بہت جلد حقیقی صورتحال سامنے آجائیگی۔