• news

زرداری اور انکے ساتھی کراچی کی زمین‘ پانی بیچ کر کھا گئے: نہال ہاشمی

کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور ان کے ساتھی کراچی کی زمین اور پانی بیچ کر کھا گئے ہیں آج ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی روحیں بھی رنجیدہ ہوں گی۔ انہوں نے عمران خان کو سیاست میں پلے بوائے اور کیٹ واک ماڈل قرار دیا۔ مسلم لیگ ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں 2018ء کے انتخابات میں لالی پوپ نہیں چلے گا۔ پیپلز پارٹی کو بھی اب ذوالفقار علی بھٹو کے مقبرے کے پیچھے چھپنے پر عوام ووٹ نہیں دے گی۔ انہوں نے کہاکہ عزیر بلوچ ان کے تمام کالے کرتوت عوام کے سامنے لا چکے ہیں‘ میاں نوازشریف نے لیاری گینگ وار کا خاتمہ کیا۔ آصف زرداری نے سندھ کا دارالحکومت دبئی کو بنا دیا ہے۔ سندھ میں ایک نہیں کئی وزیراعلیٰ مقرر ہیں‘ وزیراعلیٰ کے پیچھے چھپ کر وفاق پر تنقید کرنے والوں کو کھل کر سامنے آنا چاہئے۔ نہال ہاشمی نے کہاکہ خیبر پی کے میں یونیورسٹیز کے اندر طلبہ کو قتل کیا جا رہا ہے‘ عمران خان کرکٹ کے کسی عالمی ادارے میں کوچنگ کیلئے درخواست دیں مسلم لیگ (ن) وزیراعظم سے درخواست کرے گی کہ انہیں کرکٹ کوچ لگوایا جائے۔ نہال ہاشمی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی خود اپنے لوگوں کو اغوا کر کے ناپاک عزائم میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن