• news

افغانستان میں داعش کی موجودگی امن کے لئے خطرہ ‘ امریکہ ایران گیس لائن کی حمایت کرے: پاکستان

شکاگو (اے پی پی) پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی علاقائی اور عالمی امن کیلئے خطرہ ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ یہ بات پاکستانی قونصل جنرل فیصل نیاز ترمذی نے یونیورسٹی آف مشی گن میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ سیمینار کا اہتمام یونیورسٹی کے سینٹرل فار سائوتھ ایشین سٹڈیز نے کیا جس کا موضوع ’’پاکستان اینڈ کرنٹ جیو پولیٹکس‘‘ تھا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فیصل نیازترمذی نے کہا افغان جنگ کے خاتمہ اور خطے میں امن و استحکام کیلئے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات واحد راستہ ہیں۔ اپنے خطاب میں ترمذی نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کیلئے امریکا کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم بھی کیا تاہم انہوں نے اس بات پرافسوس ظاہر کیا کہ بھارت نے ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے سعودی عرب اور ایران کے درمیان اتفاق رائے ناگزیر ہے اور پاکستان ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان اختلافات کے خاتمے کیلئے ایک پل کا کردار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ ایران،پاکستان، بھارت گیس پائپ لائن کی تعمیر کی حمایت کرے۔

ای پیپر-دی نیشن