کراچی: فائرنگ، تشدد کے واقعات، سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد قتل
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں سکیورٹی گارڈ سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پی آئی بی کے علاقے میں پرانی سبزی منڈی کے نزدیک عیسیٰ نگری میں جنرل سٹور کے مالک یاسر محمود کو نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا جب وہ دکان بند کر رہا تھا۔ ادھر کورنگی نمبر 5 میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی گارڈ 55 سالہ ناصر کو چھری کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ مقتول ناصر حسین کورنگی نمبر 5 میں واقع غالب سینما میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھا اور وہاں سے ہی اس کی لاش برہنہ حالت میں ملی۔ اس کے علاوہ سپر ہائی وے پر انصاری پل کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے تشدد کر کے ہلاک کیا گیا تھا جبکہ لیاری میں فقیر محمد درا خان روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 45 سالہ اسرار احمد زخمی ہو گیا۔ ادھر ماڈل کالونی میں شہریوں کے ہاتھوں ایک ڈاکو پکڑا گیا۔ تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ تین ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پکڑے جانے والے ڈاکو کی شناخت توقیر عرف چوہا کے نام سحے ہوئی جو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک بچی سے موبائل فون چھین کر فرار ہو رہا تھا۔ پولیس نے ملزم توقیر کی نشاندہی پر اس کے مفرور ساتھیوں کو بھی تلاش شروع کر دی ہے۔ گلبرگ میں شہریوں نے اغوا کار سمجھ کر ذہنی معذور شخص کی پٹائی کر ڈالی۔ مشتعل شہریوں کو شبہ تھا کہ مذکورہ شخص کمسن بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مذکورہ شخص ایک گھنٹے تک شہریوں کے تشدد کا نشانہ بنتا رہا تاہم بعد ازاں جب پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے اپنی تحویل میں لیا تو پتہ چلا کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ ادھر کراچی میں مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس نے 7 ڈاکوئوں سمیت 11 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ان میں منشیات فروش سعید اللہ اور سٹریٹ کرائمز میں ملوث ذاکر، محمد حسین اور اسد علی عادی، دو سٹریٹ کریمنلز ذیشان اور ابو بکر بھی شامل ہیں۔