• news

آصف زرداری نے جمہوریت، پارلیمنٹ کو مضبوط، شریف برادران نے نیست و نابود کیا: خورشید شاہ

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 48 سالہ سیاسی کیریئر میں شرمندگی صرف 2 سال کی ملازمت کی تنخواہ پانے پر ہوئی، آج تک کسی الیکشن میں ہارا نہیں۔ سٹوڈنٹ لیڈر سے لیکر میونسپل کارپوریشن کا الیکشن‘ صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ ہو یا قومی اسمبلی کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ وابستگی نے ہر موڑ پر سرخرو کیا۔ پیپلز پارٹی اور آصف علی زرداری نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط کیا ہے، موجودہ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور مسلم لیگ نے نیست و نابود کردیا ہے۔ شریف برادران خصوصاً میاں شہبازشریف آج تک بھٹو بننے کی نقل کررہے ہیں، تحریک انصاف کے پاس نوجوان تو ہیں لیکن ان کو دینے کیلئے کچھ نہیں۔ نوجوان نعرے لگا کر زندہ نہیں رہ سکتے۔ 2018 ء کے الیکشن میں پروگرام لے کر اتریں گے اور پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں میں بھی حکومتیں بنا کر دکھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں میڈیا کو دیئے اپنے انٹرویو میں کیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کے بارے میں بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ عمران خان کو اور کچھ کریڈٹ ملے نہ ملے اس بات کا کریڈٹ ضرور ملنا چاہیے کہ اس نے نوازشریف کو تنگ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کا ان پر اعتبار ایمانداری کے سبب ہے، اپنے ابائو اجداد کی ساڑھے چھ ایکڑ زمین ہی میرا کل سرمایہ ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد آج تک ایک ایکڑ زمین بھی نہیں خریدی۔ زردری کے خلاف دنیا جتنی چاہیے باتیں کرے لیکن یہ ماننا پڑے گا کہ انہوں نے اختیارات پارلیمنٹ کو دیئے اگر انہوں نے ایسا نہ کیا ہوتا تو نوازشریف آج وزیراعظم نہ ہوتے۔ پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر فوجی عدالتوں کے قیام کی تائید کی تاکہ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف سزائوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ اب فوجی عدالتوں کی ضرورت نہیں کی رٹ لگانے اور حالات کی بہتری کی نوید سنانے والوں کو پتہ نہیں کہ ایسا بالکل نہیں جیسا وہ سوچتے ہیں۔ دہشت گردانہ مائنڈ سیٹ کو ختم کرنے کیلئے ماحول بنانا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن