توہین رسالت اسلام دشمن قوتوں کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دینگے: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمی استعماری ایجنٹ مسلم نوجوانوں کو لبرل ازم کے نام پر مذہب سے دور کرنا چاہتے ہیں، نوجوانوں میں ملی ودینی شعور بیدار کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، میڈیا پر توہین رسالتؐ اور عریانی وفحاشی کے سیلاب کو روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ توہین رسالت بین الاقوامی اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈا کا حصہ ہے۔ حرمت رسولؐ اور تحفظ ختم نبوتؐ پر کسی قسم کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ عالمی قوتیں شام‘ فلسطین اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر مظالم کا فوری نوٹس لیں۔ مردان یونیورسٹی میں صرف الزام کی بنیاد پر قتل قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام ایوانِ اقبال میں منعقدہ اہل حدیث یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سینیٹر ساجد میر، حافظ فیصل افضل شیخ، حافظ عامر صدیقی‘ حافظ سلمان اعظم‘ ڈاکٹر عبدالغفور راشد‘ حافظ عبدالستار حامد‘ مولانا نعیم بٹ‘ میاں محمود عباس‘ حافظ عبدالباسط، حافظ قسیم‘ حافظ سیف اللہ‘ عبدالوحید بٹ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا اہم ترین سرمایہ ہیں۔داعش جیسی گمراہ تنظیمیں نوجوانوں کو تشدد اور انتہا پسندی میں الجھا کر انہیں دین سے دور لے جانا چاہتی ہیں اس لیے اعتدال پسند مسلم نوجوان اٹھ کھڑے ہوں۔