• news

بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے ! کشمیر اس کے ہاتھ سے نکل چکا: عبدالرحمن مکی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل و جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاہے کہ نام نہاد انتخابی ڈرامہ میں ناکامی کے بعد بھارتی فوج نے کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ تیز کر دیا ہے‘ نہتے طلبا و طالبات کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر انڈیا کی ریاستی و آبی دہشت گردی کو بے نقاب کرنا انتہائی ضروری ہے۔ کشمیریوں کے زبردست احتجاج سے مودی سرکار کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں‘ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے! کشمیر اس کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ طاقت و قوت کے بل بوتے پر زیادہ دیر تک کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔ وہ جڑانوالہ کسان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسئول فیاض احمد، رضوان محمود، ابو بصیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔ مودی پاکستان کے پانی کی بوند بوند روکنے کی دھمکی دے رہا ہے‘ حکمرانوں کو نسلوں کا پانی بیچنے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ بھارت مسلسل متنازعہ ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی آبی دہشت گردی کے نتیجہ میں پاکستان کو ریگستان نہیں بننے دیں گے‘ سندھ طاس معاہدہ کے تحت تین دریائوں کا پانی ہمارا حق ہے‘ اسے بچائیں گے۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر سے بھارتی قبضہ چھڑانے تک اس سے دوستی کی پینگیں بڑھانا کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے اور نظریہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے مترادف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن