پی پی 23 چکوال: آج ضمنی انتخاب، اصل مقابلہ مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی میں ہو گا
لاہور (خصوصی رپورٹر) ضلع چکوال میں تلہ گنگ کے حلقہ پی پی 23 پر 2013ء کے منتخب رکن پنجاب اسمبلی مسلم لیگ ن ملک ظہور انور کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پر آج منگل کو مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک شہریار اعوان، تحریک انصاف کے کرنل (ر) سلطان سرخرو اعوان، مک عدنان لطیف، مقصودہ بیگم، شفیق اعوان، ملک عمر فاروق، کامران، ڈاکٹر طفیل کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر حسن علی نقوی دستبردار ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک شہریار اعوان، ملک ظہور انور اعوان کے بھتیجے اور سابق صوبائی وزیر ملک سلیم اقبال کے نواسے ہیں جبکہ ان کے مضبوط ترین حریف تحریک انصاف کے امیدوار کرنل (ر) سلطان سرخرو اعوان ہیں جو 2002ء میں آزاد حیثیت میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ یوں ان دونوں گھرانوں کا اس حلقے کے اس ضمنی الیکشن میں چوتھی مرتبہ ٹاکرا ہو رہا ہے۔ 2002 میںکرنل(ر) سلطان سرخرو اعوان فتح یاب ہوئے تھے جب کہ 2008 اور 2013 میں ان کے حریف ملک ظہور انور اعوان کامیاب رہے۔ ضمنی الیکشن میں اصل مقابلہ ملک شہریار اعوان اور تحریک انصاف کے کرنل (ر) سلطان سرخرو اعوان کے درمیان ہی ہو گا۔