سندھ اسمبلی: ایوان کو 2 نمبر کہنے پر پی ٹی آئی کے خرم شیر کیخلاف قرارداد منظور
کراچی (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سندھ اسمبلی میں ایوان کو 2 نمبر کہنے پر پی ٹی آئی کے رکن خرم شیر زمان کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ سپیکر نے خرم شیر زمان سے کہا کہ آپ پورے ایوان سے معافی نہیں مانگ رہے۔ خرم شیر زمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرے کہنے کا یہ مقصد نہیں تھا سپیکر نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایوان سے معافی مانگیں اور بیٹھ جائیں۔ خرم شیر زمان نے معافی نہیں مانگی تو اجلاس میں ان کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرلی گئی۔ قرارداد نثار کھوڑو نے پیش کی۔ سپیکر نے کہاکہ ایوان کو 2 نمبر کہنا زیادتی ہے۔ پتہ ہوتا کہ پی ٹی آئی والے ایسا کریں گے تو استعفے منظور کرلیتا۔ ثمر علی خان نے کہا کہ خرم شیر زمان کو وضاحت کا موقع دیا جائے۔ سپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ جہاں سے رزق ملتا ہو کیا وہاں کی اسمبلی کو 2 نمبر کہنا درست ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت پہلے اپنے روئیے پر معافی مانگے۔ ادھر ایم کیو ایم پاکستان سکھر کے صوبائی انتخابات میں حکومت سندھ پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے صوبائی اسمبلی سے واک آئوٹ کیا۔