صوبہ کی صورتحال سنجیدہ، پرویز خٹک چین میں گدھے بیچ رہے ہیں: اسفند یار ولی
پشاور/ ملتان (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ صوبے کی صورتحال انتہائی سنجیدہ ہے اور وزیراعلیٰ کابینہ کے ہمراہ چین میں گدھے بیج رہے ہیں، پبی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مشال خان کیس کا ازخود نوٹس لیا۔ ملوث افراد کوسرعام پھانسی دی جائے، میرا اپنا بیٹا کیوں نہ ملوث ہو۔ انکا کہنا تھا کہ اسلام کے نام پر ایک بے گناہ نوجوان کو قتل کرنا کون سا انصاف ہے۔ اگر ہمارے کسی ورکر نے مشال خان کے قتل میں ملوث افراد کوچھڑانے کی کوشش کی تو وہ ہمارا کارکن نہیں ہوگا، 2018 سے قبل فاٹا کو صوبے میں ضم کیا جائے، فاٹا کا اختیار گورنر کی بجائے صوبے کو دیا جائے۔ فاٹا میں صحیح معنوں میں مردم شماری کروائی جائے اور فاٹا کو خصوصی کوٹہ دیا جائے۔ اگر میرے کسی بھی وزیر ایم پی اے یا ایم این اے پر کرپشن ثابت کردی جائے تو میں سیاست چھوڑ دونگا۔ عمران خان کی سیاست کو دریائے کابل میں بہاکر میاں والی پہنچائیںگے۔ اسفند یار کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے استعفا مانگنے والے اپنے سپیکر سے بھی استعفیٰ مانگے۔ سراج الحق اپنے وزیر کے خیبر بینک کیس کی تحقیقات کروائے۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان دونوں ایک ہے، دونوں کرسی کے پیچھے پڑے ہیں۔