سردار مہتاب کو مسلم لیگ کا سیکرٹری جنرل‘ سعد رفیق کو اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل مقرر کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے جو مسلم لیگ (ن) کے صدر بھی ہیں۔ سردار مہتاب کو پارٹی کا سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا آئندہ چند روز میں باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سردار مہتاب احمد جو پہلے سیکرٹری جنرل بننے سے گریزاں تھے اب سیکرٹری جنرل کا عہدہ قبول کرنے پر تیار ہو گئے ہیں۔ ان کیساتھ خواجہ سعد رفیق کی معاونت حاصل ہو گی۔ ذرائع کے مطابق پیر صابر شاہ اور سرانجام خان کو پارٹی کے مرکزی سیٹ اپ میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔ پیر صابر شاہ کو سینئر نائب صدر بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف آئندہ چند روز میں پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کی نامزدگی کر کے پارٹی کا ڈھانچہ مکمل کر لیں گے۔