• news

عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معاونت کرے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے امریکی قائم مقام نمائندہ برائے پاکستان اور افغانستان لورل ملر نے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے کہا پاکستانی قوم پُرامن ہے اور پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتی ہے۔ پاکستان پُرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہشمند ہے۔ دورہ واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ سے سلامتی اور معاشی امور پر بات چیت کریں گے۔ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معاونت کرے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت‘ معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات میں اضافے کا منتظر ہے۔ وزیر خزانہ سے قائم مقام امریکی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور پاکستان لورل ملر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی رابطوں اور تعاون میں اضافے کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن و خوشحالی کی تمام کوششوں کی حمایت کی ہے۔ افغانستان میں امن خطے کے لئے اہم ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ اپنے دورہ امریکہ کے منتظر ہیں جہاں ان کی امریکی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔ انہوں نے امریکی نمائندہ کو ملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد آپریشن رد الفساد شروع کیا گیا جس کا مقصد اندرونی امن و سلامتی کو حاصل کرنا ہے۔ پاکستان کی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ بیرونی عناصر کو ملک کی خود مختاری اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت دی جائے گی۔ لورل ملر نے پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن