اپنی سرزمین سے پراکسی جنگ کے الزامات مسترد کرتے ہیں: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) میک ماسٹر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ایس پی آر نے پیر کی اس ملاقات کی تفصیلات پر مبنی بیان گزشتہ روز جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ امریکی مشیر کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کے بارے میں بتایا گیا۔ امریکی وفد کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کا نمایاں پہلو یہ ہے کہ اس میں بلا امتیاز ہر قسم کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آرمی چیف نے بتایا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور وہ پاکستان کی سرزمین سے پراکسی جنگ چلائے جانے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ میک ماسٹر نے خطہ میں استحکام کیلئے امریکہ کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں کو تسلیم کیا اور انہیں سراہا۔ امریکی مشیر نے دہشت گردوں اور ان کے انفراسٹرکچر کو ختم کر نے کیلئے پاکستان آرمی کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے خطے اور پوری دنیا میں امن واستحکام کے قیام کیلئے امریکی حمایت کا یقین دلایا۔ دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار مثالی ہے۔ امریکہ خطے کے امن کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔