چترال: موسم بہار کی تقریب کل شروع ہوگی، جے یو آئی (ف) کے تحصیل ناظم نے عورتوں کے داخلے پر پابندی لگا دی
چترال (بی بی سی ڈاٹ کام) چترال میں ایک مقامی تحصیل کے ناظم نے 20 اپریل سے بالائی چترال میں شروع ہونے والے موسم بہار کی ایک تقریب میں خواتین کے داخلے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان تحصیل مستوج کے ناظم مولانا محمد یوسف کی طرف سے گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کو جاری کئے گئے ایک بیان کیا گیا ہے۔ اس ناظم کا تعلق جمعیت علمائے اسلام (ف) سے ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 سے 24 اپریل تک بالائی چترال کے علاقے بونی میں چار روزہ جشن قاقلشت کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں مقامی اور غیر مقامی خواتین کی شمولیت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف نے بی بی سی گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس جشن میں خواتین کی شمولیت پر پابندی لگانے کا فیصلہ علاقے کے عمائدین، ضلعی ناظم اور مقامی انتظامیہ کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔