• news

قومی اسمبلی‘ حکومت پھر کورم پورا کرنے میں ناکام رہی

اسلام آباد (محمد فہیم انور سے) پارلیمنٹ میں کورم کا بار بار ٹوٹنا حکومت کیلئے ہمیشہ سبکی کا باعث بنتا ہے۔ قومی اسمبلی کے موجودہ سیشن میں حکومت مسلسل چھٹے روز بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں کورم پورا کرنے میں ناکام ہوگئی، ایک بار پھر سپیکر کو کورم پورا ہونے پر اجلاس معمول کا بزنس مکمل کیے بغیر ملتوی کرنا پڑا۔ بظاہر پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی میں کامیاب دکھائی دیتی ہے۔ پیپلز پارٹی اجلاس میں تو آرہی ہے مگر اپنی بات کرنے کے بعد وہ ایوان سے واک آئوٹ کر جاتی ہے اور اس کے بعد ان کا کوئی رکن کورم کی نشاندہی کر دیتا ہے اور سپیکر کو گنتی پوری نہ ہونے پر اجلاس کو ملتوی کرنا پڑ جاتا ہے۔ ایسا دکھائی دیتا ہے جیسے حکومت نے پیپلز پارٹی کی اس حکمت عملی کا ادراک نہیں کیا اور کورم کو پورا رکھنے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے۔ اس ضمن میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے مطالبات پورے نہ ہونے کی وجہ سے ایوان سے واک آئوٹ کر رہی ہے۔ ہم گزشتہ ایک ہفتے سے ایوان سے واک آئوٹ کر رہے ہیں مگر کسی نے اس کا نوٹس نہیں لیا، ہم تین لوگوں کی گرفتاری کا پوچھ رہے ہیں اگر وہ مجرم ہیں تو انکو پھانسی پر لٹکا دو اور اگر کوئی اور بھی مجرم ہے اسکو بھی گرفتار کرو مگر ہماری صرف اتنی درخواست ہے کہ قانون کی پاسداری کی جائے۔ چیف وہیپ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد بالکل بے بس دکھائی دیئے۔ آدھے گھنٹے کی کوشش بسیار کے باوجود حکومت اپنے ارکان کی خاطر خواہ تعداد اکھٹی کرنے میں ناکام ہو گئی اور جب سپیکر اجلاس دوبارہ شروع کرنے کیلئے ایوان میں آئے اور کورم کیلئے گنتی کرائی تو ارکان کی مطلوبہ تعدا دپور ی نہ ہونے پر ان کے پاس اجلاس ایک روز کیلئے ملتوی کرنے کے سوا کوئی چارہ باقی نہیں تھا۔

ای پیپر-دی نیشن