سیالکوٹ: تھانے میں میڈیکل کی طالبہ‘ ماں اور بھائیوں پر پولیس کا تشدد
سیالکوٹ(نامہ نگار)تھانہ سبز پیر کے اندر میڈیکل کالج کی طالبہ اور اس کی ماں و دو بھائیوں کو پولیس نے تشدد کا نشانہ بناڈالا ۔ شہریوں کے احتجاج پر پولیس نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایس ایچ او صلاح الدین بٹ او رپولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کیلئے ڈی ایس پی سی آئی اے امتیاز خان کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا۔بتایا گیا ہے کہ محمد اکرم کے ساتھ زمین کے تنازع پر پولیس نے بیوہ مقصود بی بی کے گھر چھاپہ مار کر میڈیکل کالج کی فرسٹ ائیر کی طالبہ بیس سالہ فوزیہ اور اس کے بھائی نویں جماعت کے طالب علم وقاص احمد کو گرفتار کرکے تھانہ لاکرایس ایچ او انسپکٹر صلاح الدین اور دیگر نے اس کے دو بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔ بعدازاں میڈیکل کالج کی طالبہ اور اس کی والدہ مقصود بی بی کو بھی زمین پر لٹا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہیں قتل کردینے کی دھمکیاں دے کر سٹام پیپرز پر دستخط کروالئے اور ہزاروں روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا ۔ واقعہ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن نے تحقیقات کا حکم دیدیتے ہوئے ڈی ایس پی سی آئی اے امتیاز خان کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہے ۔