فیصل آباد: پسند کی شادی، لڑکے اور لڑکی کے ورثا گتھم گتھا، احاطہ عدالت میدان جنگ بن گیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پسند کی شادی کر کے عدالت سے نکلنے والے جوڑے پر لڑکی کے ورثا نے حملہ کر دیا۔ دونوں گروپ کی آپس میں زبردست لڑائی سے سیشن کورٹ کمپلیکس میدان جنگ بن گیا۔ لڑکی اور لڑکے کے ورثا آپس میں گتھم گتھا ہونے کے دوران لاتوں، مکوں، گھونسوں کا آزادانہ استعمال کرتے رہے۔ تین افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جھمرہ کے نواحی گاؤں کی رہائشی عائشہ اور لیہ کے عارف نے گزشتہ دوپہر سیشن کورٹ کمپلیکس کی مقامی عدالت میں پسند کی شادی کر لی۔ جوڑا شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد عدالت سے نکلا تو لڑکی کے ورثا نے لڑکی کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی اور اس دوران لڑکے کے ورثا بھی پہنچ گئے اور دونوں گروپ آپس میں لڑ پڑے۔ دونوں طرف سے لاتوں مکوں، گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس سے تین افراد معمولی زخمی ہو گئے۔ اطلاع پر کوتوالی پولیس نے نوبیاہتا جوڑے کو حفاظت میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا اور دونوں گروپوں کے لڑائی کرنے والے افراد کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کیا جہاں صلح کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔