• news

آپ سے ہی انصاف کی امید ہے‘ مشال کی والدہ رو پڑیں: ملزم کسی بھی پارٹی کا ہو نہیں چھوڑیں گے: عمران

صوابی (ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے مقتول طالب علم مشال خان کے گھر جا کر ان کے والد سے تعزیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ مشال خان کے قاتلوں کو بلاامتیاز عبرتناک سزا دلائیں گے۔ عمران نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ابتدائی طور پر یہ ثابت ہو چکا ہے مشال خان پر توہین رسالت کا الزام لگا کر اس کو قتل کرنے کی سازش کی گئی۔ مشال خان کے قتل میں ملوث افراد گرفتار کئے جا چکے ہیں اور اس مقدمے میں شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لئے ہم آخری حد تک جائیں گے۔ میں نے والد کو یقین دلایا اس سازش میں ملوث افراد کا تعلق جس بھی جماعت سے ہو ان کو بے نقاب کر کے عبرت ناک سزا دیں گے تاکہ آئندہ کوئی توہین مذہب و رسالت کا الزام لگا کر کسی بے گناہ کے قتل کی سازش نہ کر سکے۔ عمران نے مزید کہا وہ خود بھی باپ ہیں اور مشال کے والدین کا دکھ سمجھ سکتے ہیں، مشال کے قتل کا مقصد اور وجہ کچھ اور تھی، توہین مذہب کا تو صرف بہانہ بنایا گیا۔ قاتلوں کا مقصد کچھ اور تھا انہوں نے توہین رسالت کا بہانہ بنایا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں ساری قوم نے دیکھا کہ مشال پر جانوروں سے بھی بدتر تشدد کیا گیا۔ دینی و سیاسی جماعتیں اور لوگ اس بات پر متفق ہیں کہ اس جرم میں ملوث افراد کو سزا دی جائے۔ ملوث افراد کا تعلق چاہے پی ٹی آئی سے ہو یا کسی بھی جماعت سے، اسے پکڑنے کی پوری کوشش کریں گے اور اسے نہیں چھوڑیں گے، انہیں سزا دی جائے۔ لوگ فکر نہ کریں اس پر تفتیش ہو گی اور سارے ذمہ دار لوگ سامنے آئیں گے۔ ٹوئٹر پر پیغامات میں عمران نے کہا کہ ملاقات میں مشال خان کے والدین نے یونیورسٹی کا نام اپنے بیٹے کی یاد میں اس کے نام پر رکھنے کی درخواست کی ہے، یہ ایک انتہائی مناسب درخواست ہے۔ ان کی درخواست کو پورا کرنے کی کوشش کرینگے۔ صباح نیوز کے مطابق عمران نے ٹویٹ میں کہا کہ مشال خان کا نام زندہ رکھنے کیلئے ولی خان یونیورسٹی کا نام مشال خان یونیورسٹی رکھا جائیگا۔ مشال خان کی والدہ عمران خان کے سامنے رو پڑیں اور کہا پورے پاکستان میں صرف آپ سے انصاف کی امید ہے۔

ای پیپر-دی نیشن