دفاع انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھائیں گے
نئی دہلی (نیٹ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی ایچ آر میک ماسٹر نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور باہمی تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے امریکہ بھارت سٹرٹیجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور اِس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت امریکہ کا ایک اہم دفاعی شریک کار ہے۔ فریقین نے دفاع اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون تیز کرنے میں اپنی مشترکہ دلچسپی کا اعادہ بھی کیا۔ میک ماسٹر نے نریندر مودی کے ساتھ افغانستان کی صورت حال پر بھی گفتگو کی۔ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر نے اپنے بھارتی ہم منصب اجیت دوول سے دو گھنٹے تک تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم سے ہونے والی بات چیت میں اجیت دوول کے علاوہ سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود تھے۔ نئی دہلی میں امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی مشیر قومی سلامتی کی بھارتی وزیراعظم مودی اور اجیت دوول سے ہونیوالی ملاقاتیں تعمیری اور مثبت رہیں۔