برطانوی وزیر اعظم کا 8 جون کو قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان
لندن (رائٹرز) برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے ملک میں رواں برس 8 جون کو قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان کردیا۔ تھریسا مے نے کہا کہ وہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے سے قبل اپنے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتی ہیں اور نئے مینڈیٹ کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتی ہیں۔ تھریسا مے نے کہا کہ وہ 2020ء کے بجائے 8 جون 2017ء کو عام انتخابات کا انعقاد چاہتی ہیں۔ برطانوی وزیراعظم کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کا اعلان بعض سیاستدانوں کیلئے حیران کن ہے تاہم رائے عامہ کے نتائج اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ تھریسا مے کو واضح برتری حاصل ہوگی۔ تھریسا مے نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کنزرویٹو پارٹی کو دیا جانیوالا ہر ووٹ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کیلئے مشکل پیدا کریگا جو مجھے کامیابی سے کام انجام دینے سے روکنا چاہتے ہیں۔ 8 جون کو انتخابات کے انعقاد کی حتمی منظوری برطانوی پارلیمنٹ دیگی اور اس سلسلے میں آج پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوگی اور تھریسا مے کو قبل از وقت انتخابات کرانے کیلئے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ دوسری جانب حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن نے تھریسا مے کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔