• news

نواز شریف سرخرو ہونگے، کارکنوں نے بینرز لگا دیئے تو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ہمیشہ کی طرح (آج) بھی سپریم کورٹ میں سرخرو ہوں گے کیونکہ وزیراعظم کے پیچھے 20 کروڑ عوام کی خدمت، دعائیں اور اعتماد ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ کو مبارک ہو وزیراعظم نے بھکھی پاور پراجیکٹ کا فیتہ کاٹ دیا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے کارکنوں کو جو انتشار اور فساد سکھایا ہے اس کی وجہ سے ملک میں مردان جیسے واقعات ہو رہے ہیں، خان صاحب آپ نے پچھلے چار سال میں آئینی اور قانونی اداروں کی تضحیک، لوگوں کی پگڑی اچھالنے، گالی دینے اور انتشار پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اس لیے آپ کو صرف پانامہ کا انتظار ہے، جھوٹے الزامات اور کھوٹے دلائل کا وقت ختم ہو چکا اس لیے (آج) دو بجے کا انتظار کریں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے تلہ گنگ ضمنی الیکشن میں ہمیشہ کی طرح وزیراعظم پر اعتماد کا فیصلہ سنایا، عمران خان کو اپوزیشن کی ساری جماعتوں کے ساتھ مک مکا کر کے تلہ گنگ میں الیکشن ہارنے پر مبارک ہو، ملکی عوام کو پانامہ کا نہیں وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا انتظار ہے اسی لیے مسلم لیگ ن کو سرخرو کیا ہے، عمران خان صاحب کی انتشاری، فسادی اور جھوٹے الزامات کی سیاست کو چکوال کی قوم نے ایک بار پھر مسترد کیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت 2018ءتک ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے اپنے وعدے پر قائم ہے اور ہم اپنا وعدہ پورا کر کے ہی اگلے الیکشن میں جائیں گے تا کہ عوام کے سامنے شرمندگی کا سامنا نہ ہو۔ وزیراعظم نے پچھلے پونے چار سال عوام کے لیے بہت کام کیا اگر لیگی حلقوں میں پاناما فیصلے کی کسی قسم کی پریشانی ہوتی تو آج پارٹی میٹنگ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کل بہت بڑا فیصلہ آنے والا ہے، مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے کوئی بینرز لگائے ہیں تو خوف محسوس نہیں کرنا چاہئے اگر بینر لگ گئے ہیں تو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، پیپلز پارٹی کا جمہوریت کے استحکام کے لیے جو کردار ہے وہ شاید کسی بھی دوسری پارٹی کا نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن