بھارت افغان مسئلہ کا حل نہیں دہشت گرد گروپوں کی معاونت کر رہا ہے‘ پاکستان نے امریکہ کو آگاہ کر دیا
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان نے امریکہ کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں بلکہ بذات خود ایک مسئلہ ہے۔وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق یہ بات امریکی مشیر قومی سلامتی جنرل ایچ آر مک ماسٹرکو بتائی گئی ہے جو پاکستان کے دورے پر آئے تھے اور وزیراعظم نوازشریف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاویدباجوہ سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیاکہ وہ خطے بالخصوص افغانستان میں استحکام کیلیے امریکہ کیساتھ کام کرنا چاہتا ہے مگر انھیں اس امر سے بھی آگاہ کیا گیا کہ اگر امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ بھارت افغانستان کے مسئلے کا حل ہوسکتا ہے تو وہ غلطی پر ہے کیونکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارت افغان حکومت کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے اور پاکستان کے افغانستان کیساتھ سفارتی تعلقات میں مسائل پیدا کررہا ہے۔پاکستان نے اپنے ان خدشات کا بھی اظہار کیا بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرنیوالے گروپوں کی معاونت کررہا ہے۔ پاکستان نے امریکی مشیر کو اس بات سے بھی آگاہ کیا پاکستان موثر بارڈرکنٹرول سسٹم کیلئے سرحد پر باڑ لگارہا ہے۔ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ امریکہ نے اس حوالے سے مثبت تاثر ظاہرکیا ہے۔ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے اور کوئی بھی گروپ ایسا نہیں جسے نشانہ نہ بنایا گیا ہو۔ پاکستان نے اس موقف کا بھی اظہارکیا ملک میں داعش کا کوئی منظم ڈھانچہ موجود نہیں تاہم وہ داعش کے خطرے کے خاتمے کیلئے عالمی طاقتوں کیساتھ تعاون کریگا۔