بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کیخلاف ممنوعہ ہتھیار استعمال کر رہا ہے: دفاع پاکستان کونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دفاع پاکستان کونسل نے ملک گیر نظریہ پاکستان مہم اور کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے حوالہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بڑے پروگراموں کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کیخلاف ممنوعہ ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ بی جے پی سرکارکی ریاستی دہشت گردی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ حکومت پاکستان ہندوستانی جارحیت پر خاموشی اختیا رنہ کرے۔ دنیا بھر میں اپنے سفارتخانوں کو متحرک کر کے انڈیا کے دہشت گردانہ کردار کو بے نقاب کیا جائے۔ تحفظ نظریہ پاکستان کی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیگی۔ حافظ محمد سعید و دیگر رہنماﺅں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ دشمن قوتیں اپنے مذموم ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے انہیں نظربند دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے نگران لیاقت بلوچ، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی،مولانا فضل الرحمن خلیل، قاری یعقوب شیخ اور مولانا عبدالرﺅف فاروقی نے مرکز خالد بن ولید اسلام آباد میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل عام کیخلاف چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں بھرپور آواز بلند کی جائیگی اور اس سلسلہ میں پہلے مرحلہ میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بڑے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔
دفاع پاکستان کونسل