• news

ردالفساد: چارسدہ سے مبینہ دہشت گرد گرفتار‘ خودکش جیکٹس‘ دستی بم برآمد

لاہور‘ چارسدہ‘ پشاور‘منکیرہ (آئی این پی+آن لائن+نامہ نگار) ملک بھر میں مختلف شہروں میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ سرچ آپریشن‘ چارسدہ سے کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشت گرد‘ پشاور میں اغوا برائے تاوان میں ملوث ملزم جبکہ لاہور میں شناخت ظاہر نہ کرنے والے 5مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔دہشتگردی کے پیش نظر لاہور کے علاقے راوی روڈ پر پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ دوران آپریشن شہریوں کے کوائف کی تصدیق کی گئی‘گھروں کی تلاشی لی گئی۔مزید براں چارسدہ کے علاقے خواجہ وس سے بدھ کے روزپولیس نے کالعدم تنظیم کا مبینہ دہشت گرد گرفتار کرکے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ دہشت گرد سے دو خودکش جیکٹس‘ پندرہ دستی بم اور دو کلاشنکوف برآمد کرلی گئیں۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے رنگ روڈ پر کارروائی کے دوران مبینہ اغواءکار اور بھتہ خور گرفتار کر لیا ۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم گلاب میر کو بدھ کے روز پشاور میں رنگ روڈ پر پشغرہ چوک سے گرفتار کیا گیا۔ جس کا تعلق خیبرایجنسی کے علاقے برقمر خیل باڑہ سے ہے بتایا گیا ملزم نے 1999میں ایکسین کے بیٹے کو اغواءکرکے 9لاکھ روپے 2002میں ڈاکٹر عنایت کو تاوان کیلئے اغواءکر کے 40لاکھ روپے اور 2002ہی میں شیرافگن نامی شخص کو اغواءکر کے 12لاکھ 2014میںیکہ توت سے ایک لڑکے کو اغواءکر کے 50لاکھ روپے تاوان اور بھتہ کی شکل میں وصول کیے، ملزم گلاب میر متعدد وارداتوں میں پشاور میں حیات آباد ، تاتارا اور یکہ توت پولیس تھانوں کو مطلوب تھا ملزم سے گرفتاری کے بعد باقاعدہ تفتیش شروع کردی گئی ۔منکیرہ میں پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ مختلف مقامات میں سرچ آپریشن کے دوران 17 مشتبہ افراد کوگرفتار‘ 2 ملزمان سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کرلی۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز پولیس تھانہ منکیرہ نے حساس اداروں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ 40 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی‘ دوران آپریشن 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا‘ دو ملزمان سے بھاری مقدار میں شراب برآمد اور چالو بھٹی پکڑی گئیں‘ مشکوک افراد کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ دوران سرچ آپریشن درجنوں افراد کی بایﺅمیٹرک تصدیق بھی کی گئی۔
مبینہ دہشت گرد

ای پیپر-دی نیشن