• news

میاں صاحب اتنی بجلی تو دیں فون چارج کرکے شیر آیا شیر آیا لکھ سکیں شیخ رشید 3 بکروں کا صدقہ دیتے تو فیصلہ مختلف ہوتا: سوشل میڈیا پر تبصرے

لاہور( این این آئی) پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ اور تند و تیز بیانات آتے رہے۔ کچھ لوگ وزیر اعظم کے نااہل ہونے کا خطرہ ٹلنے پر ان کا ساتھ دینے کے ساتھ ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر طنز کرنا بھی نہیں بھولے۔ متعدد بار شیئر کئے جانے والے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے میاں صاحب اتنی بجلی تو دے دیں کہ فون چارج کر کے شیر آیا شیر آیا لکھ سکیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ان (ن) لیگی کارکنوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی جو سپریم کورٹ کے فیصلے پر جشن منا رہے ہیں کیونکہ کسی ایک بھی جج نے وزیر اعظم کو معصوم قرار نہیں دیا۔ دو ججوں کے وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے کے حق میں فیصلہ دینے پر ٹویٹ کیا گیا کہ کاش شیخ رشید دو کے بجائے تین بکروں کا صدقہ دیتے تو فیصلہ مختلف ہوتا۔ ایک خاتون نے لکھا کہ دونوں ہی جماعتیں جشن منا رہی ہیں لیکن اس میں عوام کہاں ہیں؟۔ ایک فیس بک صارف نے لکھا میچ کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوا ہے، اگلی سیریز کا انتظار کریں۔
تبصرے

ای پیپر-دی نیشن