جمعہ کو اسلام آباد میں جلسہ ہو گا‘ وزیراعظم کے نیچے جے آئی ٹی نہیں مانتے‘ سپریم کورٹ جائیں گے: عمران
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے نوازشریف پوری قوم کے سامنے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے تسلیم کیا ہے کہ ادارے مفلوج ہیں، جب تک وزیراعظم نوازشریف استعفیٰ نہیں دیتے اس وقت تک جے آئی ٹی بھی کام نہیں کر سکتی۔ آئندہ جمعہ کو اسلام آباد میں جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار عمران نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ عمران نے کہا سپریم کورٹ کی تاریخ میں کبھی موجودہ حکومت پر ایسے ریمارکس نہیں آئے جو اعلیٰ عدالت کے سینئر ججز نے دیئے ہیں، آخر اب نواز شریف اور ان کے چیلے کس منہ سے عوام کے پاس ووٹ مانگنے جائیں گے۔ آج پارلیمنٹ میں بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ مستقبل کے چیف جسٹسز نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا ہے اور اہم ترین پانچ ججز نے قطری خط کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ یہ تمام ادارے تو وزیر اعظم نواز شریف کے ماتحت ہیں اور آخر یہ ادارے پھر ان کے خلاف کیسے کارروائی کریں گے جبکہ نیب کے سربراہ نے عدالت میں واضح کہا ہم نواز شریف کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتے، پھر اس کے بعد کوئی چیز باقی رہ جاتی ہے۔ وزیراعظم اخلاقی طور پر ملک کو چلاتا ہے اور حکمرانی کرتا ہے ناکہ اس کے ہاتھوں میں بندوقیں ہوتی ہیں۔ آخر مسلم لیگ (ن) نے کس چیز کی مٹھائیاں بانٹیں ہیں آخر کچھ شرم آنی چاہئے۔ دو ججز نے نواز شریف کو جھوٹا اور بے ایمان قرار دیا ہے۔ حکمران جماعت نے ہماری اخلاقیات ہی تباہ کر دی ہیں۔ تحریک انصاف ہمیشہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلی ہے اور وزیر اعظم کے استعفیٰ پر بھی تمام اپوزیشن کا مشترکہ ردعمل تھا۔ مریم نواز نیلسن اور نیسکول کی بینیفشری ہیں اس کی بھی جے آئی ٹی میں تحقیقات ہو گی۔ ہمیں جے آئی ٹی پر تحفظات ہیں اس پر میٹنگ کر کے جے آئی ٹی کے حوالے سے دوبارہ سپریم کورٹ جائیں گے۔ ادارے پہلے ہی ناکام ہو چکے ہیں کیا وہ نوازشریف کو پکڑے گے۔ میں نواز شریف سے مطالبہ کروں گا میں ساری قوم سے کہتا ہوں نکلو مطالبہ کرو کہ نواز شریف استعفیٰ دے یہ سلسلہ رکے گا نہیں چلتا رہے گا۔ اگر جے آئی ٹی نواز شریف کے نیچے بننی ہے تو ہم اسے نہیں مانیں گے۔ ہم نے کبھی سولو فلائٹ نہیں لی ہم نے ہمیشہ سب کو ساتھ چلنے کی دعوت دی ہے۔ اسحاق ڈار نے جو منی ٹریل مجسٹریٹ کے سامنے اعترافی بیان میں دی تھی۔ وہ بھی جے آئی ٹی میں کھلے گی جے آئی ٹی تب کامیاب ہو گی جب نواز شریف وزیر اعظم نہ ہوں۔ ایک انٹرویو میں عمران نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اچھا ہے۔ عدالت نے کہا یہ کرپٹ ہیں‘ یہ بھنگڑے ڈال رہے تھے‘ غیرت نہیں نوازشریف دولت بچانے کیلئے بیٹھے ہوئے ہیں۔ ہونا یہ چاہئے تھا‘ نوازشریف استعفیٰ دیں پھر تحقیقات ہوں گی۔ نوازشریف گارڈ فادر پلس ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران نے پانامہ فیصلے کو عوام تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔ فیصلے کا اردو ترجمہ کی کاپیاں لوگوں میں تقسیم کیا جائیگا۔