حج کوٹہ: نئے ٹور آپریٹرز کو قانون، میرٹ کے مطابق الاٹمنٹ میں شامل کرنیکا حکم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے پالیسی کے مطابق حج کوٹہ الاٹمنٹ کے حوالے سے توہین عدالت کیس میں نئے ٹور آپریٹرزکو قواعد و ضوابط کے تحت کوٹہ الاٹ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ہے۔ عدالت نے مختصر فیصلہ میں قرار دےا ہے کہ نئے ٹور آپریٹرز کو قانون کے مطابق میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کوٹہ الاٹمنٹ میں شامل کیا جائے۔ ٹور آپریٹرزکے وکیل نے موقف اپنایا کہ نئے ٹورآپریٹرزکوٹہ نہ دیا جانا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے حالانکہ حکومت نے حج مافیا کے ساتھ 50 فیصد کوٹے کا معاہدہ کیا تھا۔ ایک اور وکیل نے کو بتایا کہ کوٹہ الاٹمنٹ کمیٹی کا فیصلہ متفقہ ہونا ضروری تھا کیونکہ مسابقتی کمشن نے نجی آپریٹرز کا کوٹہ 50 فیصد کرنے کی سفارش کی تھی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اپنایاکہ عدالتی فیصلے کے مطابق کمیٹی کا متفقہ فیصلہ ضروری نہیں، عدالتی حکم کی روشنی میں نئے ٹورآ پریٹرز کی دوبارہ سکروٹنی کی جائیگی جس پرجسٹس اعجازافضل نے ان سے استفسارکیاکہ سکروٹنی نئے ٹورآپریٹرزکی رجسٹریشن کے وقت کیوں نہیں کی گئی۔
درخواست نمٹا دی