نواز شریف کے مخالفین کو ڈر ہے ملک ترقی کر گیا تو انکی باری نہیں آئے گی: رانا تنویر
مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس بین الاقوامی سازش تھی، تانے بانے پاکستان سے ملتے ہیں، پہلے بھی سرخرو ہوئے آئندہ بھی ہونگے۔ پانامہ کیس کے فیصلہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مخالفین ملکی ترقی کے دشمن ہیں، انہیں خوف ہے کہ اگر نواز شریف ملک کو معاشی حب بنانے میں کامیاب ہو گئے تو انکی شاید باری نہ آئے مگر اب وہی حکومت بنائے گا جو عوام کی خدمت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے فیصلوں سے جہاں جمہوریت مضبوط ہو گی وہاں معاشی استحکام بھی آئے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ عوام الیکشن 2018ءمیں ایک بار پھر میاں نواز شریف کو تاریخی مینڈیٹ دیکر مخالفین کو مسترد کر دینگے۔ زرداری بیان داغنے سے قبل اپنے ماضی کی سیاسی ڈائری کا مطالعہ کر لیا کریں۔ آج کراچی پھر سے روشنیوں کا شہر بن چکا ہے جبکہ ورثہ میں ملے انرجی بحران، معاشی بدحالی پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو ترقی کرتا پاکستان ہضم نہیں ہو رہا، آئے روز سرحدی خلاف ورزیاں اسکی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں جبکہ ہماری مسلح افواج انہیں منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔
رانا تنویر