• news

::::کمپیوٹرائزڈ نظام میں گڑ بڑ سے فیصلوں میں تاخیر ہو رہی ہے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے عدالت عالیہ کے کمپیوٹرائزڈ نظام میں خرابی پر ایڈیشنل رجسٹرار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام میں گڑبڑ کے باعث فیصلے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ کمپیوٹرائزڈ نظام میں گڑبڑ کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزار عبدالواجد خان کی پوسٹ ماسٹر جنرل کے فیصلے کے خلاف دائر مین پٹیشن سماعت کے لئے پیش نہ کی گئی۔ عدالتی استفسار پر بتایا گیا کہ کمپیوٹرائزڈ نظام میں خرابی کے سبب مین پٹیشن کی بجائے متفرق درخواست سماعت کے لئے عدالت میں لگائی گئی۔ جس پر عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی کوفوری طور پر عدالت میں طلب کر لیا۔ ایڈیشنل رجسٹرار نے بتایا کہ آئی ٹی سسٹم میں خلل کے باعث مین پٹیشن نہیں لگ سکی۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کمپیوٹرائزڈ نظام کی خرابی کے سبب عدالتی فیصلے تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔ سینئر وکلاءدور دراز سے پیش ہونے کے لئے آتے ہیں اور یہاں عدالتوں میں بیٹھنے کی جگہ بھی نہیں ہوتی اور انہیں واپس جانا پڑتا ہے۔ کمپیوٹرائزڈ نظام میں خرابی کی ذمہ داری کا تعین کئے بغیرکام آگے کیسے بڑھ سکتا ہے؟
ہائیکورٹ برہم

ای پیپر-دی نیشن