• news

پیپلز پارٹی سندھ کا کل سے ”نونواز نو“ تحریک شروع کرنے کا اعلان

کراچی (اے این این) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے (کل) 23 اپریل سے ”نو نواز نو“ تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اخلاقی طور پر وزیراعظم کے لائق نہیں رہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعظم فوری استعفیٰ دیکر تحقیقات کا سامنا کریں۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 23 اپریل کو سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ”نو نواز نو“ دھرنے دیئے جائینگے اور 26 اپریل کو کراچی میں احتجاج کیا جائے گا۔ جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے ہم تحصیل اور صوبے کی سطح تک دھرنا دیتے رہیں گے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پانامہ فیصلے کا سال بھر انتظار کیا کہ عدالت عوام کو راہ نجات دلائے گا لیکن فیصلے میں کچھ حاصل نہیں ہوا ہے بلکہ فیصلے نے عوام کو مایوس کیا۔ ایک سال میں عدالت نے یہ مناسب نہیں سمجھا کے وہ وزیراعظم کو عدالت میں بلاکر جرح کرتی، وزیراعظم کی ایوان میں تقریر کو سیاسی بیان کہہ کر مذاق کیا گیا۔ دو سینئر ججز نے وزیراعظم کو امین صادق قرار نہیں دیا جبکہ دیگر تین ججوں نے بھی یہ نہیں کہا کہ وزیراعظم امین اور صادق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے وزیراعظم پر چارج شیٹ کردی ہے۔ سینیئر ججز کی رائے کی زیادہ اہمیت ہونی چاہئے۔ وزیراعظم کو نااہل نہ کر کے قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا گیا ہے، عدالتیں (ن) لیگ پر ہمیشہ ہاتھ ہلکا رکھتی ہے۔ بینظیر بھٹو شہید کی حکومت کو تو ڈسمس کیا گیا مگر نوازشریف کو ریلیف دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن منتخب نمائندے کو نااہل کرنے اختیار رکھتی ہے۔ عدالت کو الیکشن کمیشن کو وزیراعظم کی نااہلی کیلئے حکم دینا چاہئے تھا۔
نثار کھوڑو

ای پیپر-دی نیشن