• news

علامہ اقبال نے مسلمانان برصغیر میں آزادی کی تڑپ پیدا کی: مقررین

لاہور (خصوصی رپورٹر) علامہ محمد اقبالؒ نے مسلمانان برصغیر میں آزادی کی تڑپ پیدا کی‘ انہیں خودی کادرس دیا اور غیرت مندوں کی طرح زندگی بسر کرنے کی تاکید کی۔ علامہ محمد اقبالؒ بہت بڑے عاشقِ رسولؐ تھے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو فکرِ اقبالؒ سے روشناس کرایا جائے جس کی بنیاد قرآنی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں شاعر مشرق، حکیم الامت، مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی 79ویں برسی کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کیا۔اس موقع پروفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس وچیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، علامہ محمد اقبالؒ کی بہو جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، خانوادۂ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی، ماہر اقبالیات پروفیسر ڈاکٹر سید اکرم اکرام شاہ، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، ڈائریکٹر ابدالی گروپ آف سکولز بلال احمد گوندل، محمد یٰسین وٹو، میاں ابراہیم طاہر، مرزا احمد حسن،سید نصیب اللہ گردیزی، بیگم حامد رانا،نواب برکات محمود،خلیل الرحمن اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ حافظ محمدعمر اشرف نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ الحاج اخترحسین قریشی نے بارگاہِ رسالت مآبؐ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ معروف نعت خواں حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے خوبصورت انداز میں کلام اقبالؒ پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے انجام دیے۔ تحریک پاکستان کے کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے تقریب کے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شعری اور نثری تخلیقات کے ذریعے مسلمانوں کو ان کی عظمتِ رفتہ کا احساس دلانا شروع کیا اور ان کے دل و دماغ میں وہ حریتِ فکر بیدار کردی جو تحریکِ پاکستان کا نکتۂ آغاز ثابت ہوئی۔ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ نے ہمیں عمل کا درس دیا۔ وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا علامہ محمد اقبالؒ کی ولولہ انگیز شاعری کی بدولت مسلمانانِ ہند میں اپنی عظمتِ رفتہ کا شعور بیدار ہوا۔ جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ صاحب فکر انسان تھے اور انہیں ایک ایسے صاحب عمل کی تلاش تھی جو مسلمانان برصغیر کی رہنمائی کر سکے۔ انہیں یہ صاحب عمل قائداعظمؒ کی شکل میں مل گئے۔ جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ آج علامہ محمد اقبالؒ کے افکارونظریات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا علامہ محمد اقبالؒ کی شخصیت، کلام، افکارونظریات اور فلسفہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید اکرم اکرام شاہ نے کہا علامہ محمد اقبالؒ بہت بڑے عاشق رسولؐ تھے۔ شاہد رشید نے کہا کہ افکار اقبالؒ نے نوجوانوں کو متحرک کیا اورآج ہم ان کے افکار وخیالات پر عمل پیرا ہو کرپاکستان کو خوشحال اور عظیم تر قوم بناسکتے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن