• news

وزیر آباد: نمائندہ نوائے وقت کے گھر غنڈہ عناصر کی فائرنگ، بال بال بچ گئے

وزیر آباد (نامہ نگار) غنڈہ عناصر کا صدر پریس کلب کے گھر پر حملہ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کردیا، سیدھی فائرنگ سے اہل خانہ بال بال بچ گئے، صحافی برادری نے کھلی غنڈہ گردی کے خلاف شدید احتجاج کیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم گرفتارکر لیا۔ گزشتہ روز منتخب کونسلر و صدر پریس کلب وزیرآباد و نمائندہ نوائے وقت، وقت نیوز چینل افتخار احمد بٹ اپنے گھر پر موجود تھے کہ بدنام زمانہ سلیم عرف چھما زبردستی گھس آیا اور کہنے لگا آج تمہاری سیاست وصحافت کو دفن کر دوںگا کہ بلدیاتی انتخاب جیت کر آپ نے ہمیں رسوا کر دیا ہے۔ افتخار بٹ کے بیٹے صہیب وغیرہ نے اسے گالم گلوچ اور بدتمیزی سے منع کیا تو ملزم نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس پر اہل خانہ نے چھپ کر اپنی جان بچائی جبکہ چھما سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہوا جائے وقوعہ سے رفو چکر ہو گیا۔ واقعہ کی خبر شہر بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور قومی وعلاقائی اخبارات سمیت نیوزچینلز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا مشترکہ اجلاس پریس کلب وزیرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملزموں کوکڑی سزادی جائے بصورت دیگرصحافی برادری احتجاج پرمجبور ہوگی۔ افتخار احمد بٹ کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
غنڈہ عناصر/ فائرنگ

ای پیپر-دی نیشن