• news

پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں‘ مشکل وقت میں دونوں ملکوں کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے وزیراعظم محمد نواز شریف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں‘ مشکل وقت میں دونوں ملکوں کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے‘ علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں کے مفادات مشترکہ ہیں‘ حکومت حج سہولتوں کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے۔ جمعہ کو سعودی عرب کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر وائس ایڈمرل (ر) خان حشام سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں کے مفادات مشترکہ ہیں۔ مشکل وقت میں دونوں ملکوں کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی عوام کا سعودی عرب کے ساتھ گہرا جذباتی لگاﺅ ہے۔ حکومت حج سہولتوں کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال حج انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیراعظم نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ رواں سال حج کے دوران عازمین حج کو زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی قونصلر خدمات تک رسائی کو آسان بنایا جائے۔ نامزد سفیر پاکستانیوں سے مستقل رابطے اور ان کے مسائل فوری حل کریں۔ انہوں نے کہا سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنا روزگار حاصل کررہی ہے۔ سعودی عرب میں روزگار کمانے والوں کو ہر لحاظ سے سہولت فراہم کی جائے۔ نامزد سفیر پاکستانیوں کی بہبود کے لئے پورے عزم سے کام کریں۔ نامزد سفیر پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ علاوہ ازیں وائس ایڈمرل (ر) ہشام بن صدیق نے صدر مملکت سے بھی ملاقات کی اس موقع پر صدر نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے سفیر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرنہ اور قریبی تعلقات میں مزید گرمجوشی پیدا کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور اسلام آباد تمام عالمی، علاقائی اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے بارے یکساں موقف رکھتے ہیں اور مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ صدر نے نامزد سفیر کو ہدایت کی وہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کریں۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے لاکھوں پاکستانیوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور تیزی سے مسائل کے حل کے لیے ان کی مدد کریں۔ صدر نے نئے سفیر کو مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی بچوں کی تعلیم کے معاملے میں فوری دلچسپی لینے کی ہدایت کی۔
نوازشریف

ای پیپر-دی نیشن