مریدکے: گیس فلنگ کے دوران آتشزدگی جھلسنے والے 3 افراد ہسپتال سے غائب
مریدکے (نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر سلنڈروں میں گیس فلنگ کے دوران آگ لگنے سے تین افراد بُری طرح جھلس گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ حادثہ کے بعد شہر بھر میں غیرقانونی طریقے سے گیس فلنگ کرنے والے اپنی دکانیں بند کرکے غائب ہو گئے جبکہ جھلسنے والے افراد کو بھی سرکاری ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد غائب کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مجاہد ہوٹل کے قریب ایک دکان کے اندر سلنڈر میں گیس ڈالنے کے دوران ایک شخص کے سگریٹ سلگانے سے لیک ہونے والی گیس نے آگ پکڑ لی جس کی لپیٹ میں آ کر دکاندار طارق سمیت اظہر اور نوید بُری طرح جھلس گئے جنہیں ریسکیو1122کی ٹیم نے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد حاصل کرنے کے بعد تینوں زخمی نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے‘ ذرائع کے مطابق دکاندار طارق کو بعد ازاں میوہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔پولیس کی طرف سے جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد شہر بھر میں گیس فلنگ کا کاروبار کرنے والے اپنی دکانیں بند کرکے غائب ہو گئے۔ پولیس کی ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔
آتشزدگی