سعد رفیق کی موجودگی میں گو نواز گو کے نعرے 5 کھلاڑی گرفتار، وزیراعظم کے حکم پر رہائی
لاہور/ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام انٹر ڈویژنل اتھلیٹک چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے دوران وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی موجودگی میں ریلوے سکولوں میں زیرتعلیم طلباء نے گو نواز گو کے نعرے لگا دئیے۔ وزیر ریلوے کے رخصت ہوتے ہی پولیس نے خاتون سمیت 5 ایتھلیٹس کو حراست میں لے لیا اور مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد 3 افراد کو گڑھی شاہو تھانے بھجوا دیا۔ کچھ دیر تھانے میں رکھنے کے بعد اعلیٰ حکام کے نوٹس پر تمام حراست میں لئے افراد کو رہا کر دیا۔ واقعہ کے بعد تمام ایتھلیٹس خوف وہراس میں مبتلا ہو گئے اور گھروں کو روانہ ہوگئے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق چند نوجوانوں نے نعرے لگانے کی کوشش کی تاہم انکی شناخت نہیں ہو سکی۔ ریلوے پولیس نے کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں ریلوے انٹرڈویژنل ایتھلیٹک چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ریلوے افسروں کے ساتھ ریلوے سکولوں کے طلبہ بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اسی دوران پہلے چند طلباء نے اچانک گو نواز گو کے نعرے لگائے اور دیکھتے ہی دیکھتے باقی طلباء یہ نعرے لگانے شروع ہو گئے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے دوران گفتگو سیاسی بات کرنے سے انکار کیا اور واپس روانہ ہو گئے۔ سعدرفیق کے واپس روانہ ہوتے ہی وہاں موجود پولیس نے ہوسٹل کی طرف جانے والے 5 ایتھلیٹس کو حراست میں لے لیا جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔ جن ایتھلیٹس کو پولیس نے حراست میں لیا ان میں ابرار، فتح اللہ، وحید، علی اور ناہید شامل تھے۔ ان کو گو نواز گو کے نعرے لگانے کے ذمہ دار کے طور پر حراست میں لیا گیا۔ یہ افراد کراچی سے آئے تھے۔ ان افراد کو دوران حراست مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا اور ابرار، فتح اللہ اور وحید کو تھانہ گڑھی شاہو میں رکھا گیا۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے لاہور میں گرفتار کئے جانے والے ریلویز کے 4 کھلاڑیوں کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے گرفتاری کا نوٹس لیا اور کہا ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔